امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) پر چین کی طرف داری کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ عالمی ادارہ صحت پر چین کا مکمل کنٹرول ہوچکا ہے۔ چین نے کرونا کے حوالے حقائق کو دنیا سے خفیہ رکھا اورڈبلیو ایچ او کو بھی حقائق بتانے سے روکا جس کی وجہ سے کرونا کو ابتدا میں ہی روکنے میں ناکامی ہوئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو امریکا کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم اب دوسری فلاحی تنظیموں اور اداروں کو فراہم کی جائے گی تاکہ وبا سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔
امریکی صدر نے گذشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ کو روکنے کا حکم دیا تھا۔ امریکا عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ فنڈ دینے والا ملک ہے۔ گزشتہ برس امریکا نے ڈبلیو ایچ او کو 40 کروڑ ڈالر امداد دی تھی جبکہ چین نے7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈ فراہم کیا تھا۔
دوسری جانب امیریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ پیٹرس ہیرس کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تعلقات ختم کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ الٹا موجودہ بحران سے نکلنے کا راستہ ڈھونڈنا بہت مشکل ہو جائے گا۔