Thu 5-5-1443AH 9-12-2021AD

سندھ میں کاروبار کھولنے کے اوقات میں تبدیلی

ندھ حکومت نے صوبہ بھر میں کاروبار کھولنے کے اوقات تبدیل کردیئے، اب دکانیں صبح 5 سے شام 5 بجے تک کے بجائے صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک کھلیں گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تاجروں کو پہلے صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی تاہم یہ اوقات کار تبدیل کردیئے گئے ہیں، اب تاجر صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک دکانیں کھول سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عوام کی نقل و حرکت پر شام 5 بجے سے صبح 6 بجے تک پابندی ہوگی، جو پہلے شام 5 بجے سے صبح 8 بجے تک تھی، جبکہ کاروبار ہفتے میں 4 دن پیر تا جمعرات کھولنے کی اجازت ہوگی، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں 9 مئی سے جزوی لاک ڈاؤن مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد صوبہ سندھ نے بھی 11 مئی سے چھوٹی دکانیں اور کاروبار صبح 5 سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دی تھی۔

اس سے قبل ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سندھ حکومت کو کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہا، عوام کے تعاون کے بغیر اس وباء کے پھیلاؤ کو کم نہیں کیا جاسکتا تھا، اب کاروبار کی بحالی کے بعد دکانداروں سمیت ہر فرد کو بہت زیادہ احتیاط برتنا ہوگی، تجارتی مراکز کھلنے کے بعد مارکیٹوں میں رش دیکھا جارہا ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے اب تک 683 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 31 ہزار 253 افراد میں مرض کی تشخیص ہوچکی ہے

Read Previous

لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران کراچی میں ریکارڈ کاروبار

Read Next

کراچی:مبینہ مضرصحت کھاناکھانےسے3بچےانتقال کرگئے