Sun 29-8-1442AH 11-4-2021AD

مضر صحت پانی فروخت کرنے پر 11 گرفتار، ٹینکرز ضبط

کراچی واٹربورڈ اور پولیس نے شہر میں مضر صحت پانی فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کرکے ٹینکرز قبضے میں لے لئے اور ملزمان کیخلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمات درج کرادیے گئے۔

شہر میں ٹینکروں کے ذریعے مضر صحت پانی کی فروخت کیخلاف کارروائیوں کیلئے نامزد ایم ڈی واٹربورڈ کے فوکل پرسن اور اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر ریحان اقبال نے منگھوپیر تھانہ کے اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت پانی سے بھرے ٹینکر کراچی لاکر فروخت کرنے والے راشد ولد محمد شکور، محمد ایاز ولد بادشاہ خان، ایوب ولد نوراللہ، قادر خان ولد غلام دستگیر، سلیمان ولد غلام، عالمگیر ولد لعل خان، عبدالوہاب ولد عبدالرحمان، لیاقت ولد خان زیب سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرکے 10 وہیلرز سمیت 11 ٹینکر قبضے میں لے لیے۔

واٹربورڈ نے منگھوپیر تھانے میں گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرادیے ہیں۔

واضح رہے کہ ایم ڈی واٹربورڈ کی ہدایات پر گزشتہ دنوں بھی واٹربورڈ کی ٹیموں اور پولیس نے مشترکہ طورپر  پیرآباد، منگھوپیر، سعیدآباد، بن قاسم اور اسٹیل ملز تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 25 ملزمان کو گرفتار کرکے مضر صحت پانی سے بھرے 25 ٹینکرز قبضہ میں لیکر ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کیے تھے۔

Read Previous

لاہور:اسپتالوں ميں وينٹی ليٹرزکی تعداد بڑھادی گئی،محکمہ صحت پنجاب

Read Next

امریکا نے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تعلقات ختم کردیے